ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ بدگمانی سے بچو ، کیونکہ بدگمانی سب سے بڑا جھوٹ ہے ، تم کسی کے عیب مت تلاش کرو اور نہ جاسوسی کرو ، قیمت بڑھانے کے لیے بولی مت دو اور نہ باہم حسد کرو ، بغض مت رکھو اور نہ قطع تعلقی کرو اور اللہ کے بندو ! بھائی بھائی بن جاؤ ۔‘‘ ایک دوسری روایت میں ہے :’’ (اور حسد کی بنا پر) باہم ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش نہ کرو ۔‘‘ متفق علیہ ۔
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ پیر اور جمعرات کے روز جنت کے دروازے کھولے جاتے ہیں ، شرک سے بیزار ہر شخص کو بخش دیا جاتا ہے ، البتہ اس شخص کی مغفرت نہیں ہوتی جس کی اپنے بھائی کے ساتھ رنجش و عداوت ہو ، کہا جاتا ہے : ان دونوں کو مہلت دو حتیٰ کہ وہ صلح کر لیں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ ہر جمعے (سات دنوں میں) لوگوں کے اعمال دو مرتبہ پیر اور جمعرات کے روز پیش کیے جاتے ہیں ، ہر بندہ مومن کو بخش دیا جاتا ہے ، البتہ اس بندے کی مغفرت نہیں ہوتی جس کی اپنے بھائی کے ساتھ رنجش و عداوت ہو ، کہا جاتا ہے : ان دونوں کو چھوڑ دو حتیٰ کہ وہ (عداوت سے) رجوع کر لیں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
اُم کلثوم بن عقبہ بن ابی مقیط ؓ بیان کرتی ہیں ، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا :’’ لوگوں کے درمیان صلح کرانے والا شخص جھوٹا نہیں ، وہ (دونوں سے) خیر و بھلائی کی بات کرتا ہے اور (دونوں کو) خیر و بھلائی کی بات پہنچاتا ہے ۔‘‘ امام مسلم نے یہ اضافہ نقل کیا ہے : ام کلثوم ؓ نے کہا میں نے انہیں یعنی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تین امور کے علاوہ کسی معاملے میں جھوٹ بولنے کی اجازت دیتے ہوئے نہیں سنا : لڑائی (جنگ) میں ، لوگوں کے درمیان صلح کرانے میں اور میاں بیوی کی باہم گفتگو کرنے میں ۔‘‘ متفق علیہ ۔
اور جابر ؓ سے مروی حدیث :’’ شیطان مایوس ہو چکا ۔‘‘ باب الوسوسہ میں ذکر کی گئی ہے ۔ رواہ مسلم ۔
اسماء بنت یزید ؓ بیان کرتی ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ صرف تین مواقع پر جھوٹ بولنا جائز ہے ، آدمی کا اپنی بیوی کو خوش کرنے کے لیے جھوٹ بولنا ، لڑائی میں جھوٹ بولنا اور لوگوں کے درمیان صلح کرانے کے لیے جھوٹ بولنا ۔‘‘ صحیح ، رواہ احمد و الترمذی ۔
عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ کسی مسلمان کے لیے مناسب نہیں کہ وہ کسی مسلمان سے تین دن سے زائد ترک تعلق کرے ، جب وہ اس سے ملاقات کرے تو تین مرتبہ اسے سلام کرے ، ہر مرتبہ وہ اسے سلام کا جواب نہ دے تو یہ (سلام کرنے والا) اس (ترک ملاقات) کے گناہ سے پاک ہو جاتا ہے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔
ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ کسی مسلمان کے لیے جائز نہیں کہ وہ اپنے (مسلمان) بھائی سے تین دن سے زائد ترک تعلق کرے ، جس شخص نے تین دن سے زائد ترک تعلق توڑے رکھا اور وہ (اسی حالت میں) فوت ہو گیا تو وہ جہنم میں جائے گا ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ احمد و ابوداؤد ۔
ابوخراش سلمی ؓ بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا :’’ جس نے اپنے بھائی سے سال بھر ترک ملاقات کی تو وہ اس کے خون بہانے کے مترادف ہے ۔‘‘ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ کسی مومن کے لیے جائز نہیں کہ وہ کسی مومن سے تین دن سے زائد ترک ملاقات کرے ، جب تین دن گزر جائیں تو اسے چاہیے کہ وہ اس سے ملاقات کرے اور اسے سلام کرے ، اگر اس نے سلام کا جواب دے دیا تو وہ دونوں اجر میں شریک ہیں ، اور اگر وہ سلام کا جواب نہ دے تو وہی شخص گناہ گار ہو گا جبکہ سلام کرنے والا ترک ملاقات کے زمرے سے نکل جائے گا ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔
ابودرداء ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ کیا میں تمہیں روزے ، صدقے اور نماز سے بہتر درجے والے عمل کے متعلق نہ بتاؤں ؟‘‘ راوی بیان کرتے ہیں ، ہم نے عرض کیا : ضرور بتائیں ، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ دو فریقوں ، دوستوں ، رشتہ داروں کے درمیان صلح کرانا ، جبکہ دو فریقوں کے درمیان فساد ایسی خصلت ہے جو (نیکیوں کو) زائل کر دینے والی ہے ۔‘‘ ابوداؤد ، ترمذی ، اور امام ترمذی ؒ نے فرمایا : یہ حدیث صحیح ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد و الترمذی ۔
زبیر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ سابقہ امتوں کی بیماری (غیر محسوس طریقے سے) تمہاری طرٖف منتقل ہو گئی ہے ، حسد اور بغض و عداوت اور وہ نیکیوں کو زائل کرنے والی ہے ، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ وہ (بیماری) بال مونڈتی ہے بلکہ وہ دین کو ختم کر دیتی ہے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ احمد و الترمذی ۔
ابوہریرہ ؓ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روایت کرتے ہیں ، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ حسد سے بچو کیونکہ حسد نیکیوں کو اس طرح کھا جاتا ہے جس طرح آگ لکڑی کو کھا جاتی ہے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔
ابوہریرہ ؓ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سےروایت کرتے ہیں ، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ دو (فریقوں ، دوستوں ، رشتہ داروں) کے درمیان برائی ڈالنے سے بچو کیونکہ وہ (دین کو) زائل کرنے والی ہے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی ۔
ابوصرمہ ؓ سے روایت ہے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ جو شخص کسی (مسلمان) کو تکلیف پہنچاتا ہے تو اس کے بدلے میں اللہ اسے تکلیف پہنچاتا ہے ، اور جو شخص کسی کو مشقت میں مبتلا کرتا ہے تو اللہ اسے مشقت میں مبتلا کر دیتا ہے ۔‘‘ ابن ماجہ ، ترمذی ، اور انہوں نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابن ماجہ و الترمذی ۔
ابوبکر صدیق ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ وہ شخص ملعون ہے جو کسی مومن کو نقصان پہنچاتا ہے یا اسے دھوکہ دیتا ہے ۔‘‘ ترمذی ، اور انہوں نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔
ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منبر پر چڑھے اور با آواز بلند فرمایا :’’ اے لوگو ! جو اپنی زبان سے اسلام لائے ہو جبکہ ایمان ان کے دلوں تک نہیں پہنچا ، تم مسلمانوں کو تکلیف مت پہنچاؤ اور نہ انہیں عار دلاؤ اور نہ ہی ان کے عیوب تلاش کرو ، کیونکہ جو شخص اپنے (مسلمان) بھائی کے عیوب تلاش کرتا ہے تو اللہ اس کے عیوب کا پیچھا کرتا ہے ، اور جس کے عیوب کا اللہ پیچھا کرتا ہے تو وہ اسے رسوا کر دیتا ہے خواہ وہ اپنے گھر کے وسط میں ہو ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی ۔
سعید بن زید ؓ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روایت کرتے ہیں ، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ سود کی سب سے سنگین صورت مسلمان کی عزت کے بارے میں زبان درازی کرنا ہے ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ ابوداؤد و البیھقی فی شعب الایمان ۔
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ جب میرے رب نے مجھے معراج کرائی تو میں ایسے لوگوں کے پاس سے گزرا جن کے ناخن تانبے کے تھے ، وہ اپنے چہروں اور سینوں کو نوچ رہے تھے ، میں نے کہا : جبرائیل ! یہ کون لوگ ہیں ؟ انہوں نے کہا : یہ وہ لوگ ہیں جو لوگوں کا گوشت کھایا کرتے تھے (ان کی غیبت کیا کرتے تھے) اور ان کی عزتوں کے متعلق عیب جوئی کرتے تھے ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ ابوداؤد ۔
مستورد ؓ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روایت کرتے ہیں ، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ جس نے کسی مسلمان آدمی (کی غیبت) کی وجہ سے ایک لقمہ کھایا تو اللہ اس شخص کو اس کی مثل جہنم سے کھلائے گا اور جس شخص نے کسی مسلمان آدمی کی (غیبت کی) کی وجہ سے کوئی کپڑا پہنا تو اللہ اس شخص کو اس کی مثل جہنم سے (کپڑا) پہنائے گا اور جو شخص شہرت و ریاکاری کی جگہ کھڑا ہوا تو اللہ اس کو روز قیامت شہرت و ریاکاری کی جگہ پر کھڑا کرے گا ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔