عمارہ بن رویبہ ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا :’’ جو شخص طلوع آفتاب سے پہلے اور غروب آفتاب سے پہلے یعنی فجر اور نماز عصر پڑھے تو وہ جہنم میں نہیں جائے گا ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
ابوموسیٰ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ جو شخص دو ٹھنڈی نمازیں (فجر و عصر) پڑھے گا وہ جنت میں داخل ہو گا ۔‘‘ متفق علیہ ۔
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ رات اور دن کے وقت فرشتے یکے بعد دیگرے تمہارے پاس آتے رہتے ہیں اور وہ نماز فجر اور نماز عصر میں اکٹھے ہوتے ہیں ، پھر وہ فرشتے ، جنہوں نے تمہارے ہاں رات بسر کی ہوتی ہے ، اوپر چڑھتے ہیں ، ان کا رب ان سے پوچھتا ہے ، حالانکہ وہ ان کے متعلق بہتر جانتا ہے ، تم نے میرے بندوں کو کس حال (یعنی آخری عمل) پر چھوڑ کر آئے ہو ؟ وہ عرض کرتے ہیں ، جب ہم ان کے پاس سے آئے تو وہ اس وقت نماز پڑھ رہے تھے ، اور جب ان کے پاس گئے تھے تب بھی وہ نماز پڑھ رہے تھے ۔‘‘ متفق علیہ ۔
جندب قسری ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ جو شخص نماز فجر پڑھ لیتا ہے تو وہ اللہ کے عہدو امان میں آجاتا ہے ، چنانچہ تم ایسا کوئی کام نہ کرنا جس کی وجہ سے اللہ اپنے عہدو امان کے بارے میں تمہارا مؤاخذہ کرے ، کیونکہ وہ اپنے عہدو امان کے بارے میں جس شخص سے مؤاخذہ کرے گا تو وہ اسے پکڑ کر اوندھے منہ جہنم میں ڈال دے گا ۔ متفق علیہ ۔ اور مصابیح کے بعض نسخوں میں القسری کے بجائے القشیری مذکور ہے ۔
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ اگر لوگ اذان اور صف اول کی فضیلت کے بارے میں جان لیں پھر اگر انہیں اس کے حصول کے لیے قرعہ اندازی کرنی پڑے تو وہ ضرور قرعہ اندازی کریں ، اور اگر وہ نماز کے لیے جلدی آنے کی فضیلت کے بارے میں جان لیں تو وہ اس کی طرف ضرور سبقت حاصل کریں ، اور اگر انہیں نماز عشاء اور نماز فجر کی اہمیت کاپتہ چل جائے تو وہ انہیں پڑھنے کے لیے ضرور (مسجد میں) آئیں خواہ انہیں سرین یا پاؤں اور گھٹنوں کے بل چل کر آنا پڑے ۔‘‘ متفق علیہ ۔
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ نماز فجر اور نماز عشاء منافقوں پر سب سے زیادہ بھاری نمازیں ہیں ، لیکن اگر انہیں ان کے اجر و ثواب کا پتہ چل جائے تو وہ انہیں پڑھنے کے لیے ضرور (مسجد میں) آئیں ، خواہ انہیں سرین یا پاؤں اور گھٹنوں کے بل چل کر آنا پڑے ۔‘‘ متفق علیہ ۔
عثمان ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ جس شخص نے نماز عشاء با جماعت ادا کی تو گویا اس نے نصف شب کا قیام کیا اور جس نے نماز صبح با جماعت ادا کی تو گویا اس نے پوری رات کا قیام کیا ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ دیہاتی لوگ ، تمہاری نماز مغرب کے نام کے بارے میں ، تم پر غالب نہ آ جائیں ۔‘‘ راوی بیان کرتے ہیں : دیہاتی اسے عشاء کے نام سے موسوم کرتے ہیں ۔ صحیح ۔
اور فرمایا :’’ دیہاتی لوگ ، تمہاری عشاء کے نام کے بارے میں تم پر غالب نہ آ جائیں ، کیونکہ اس کا نام تو اللہ تعالیٰ کی کتاب میں عشاء ہے ، کیونکہ وہ اونٹوں کا دودھ دھونے کی وجہ سے اسے عتمہ کہتے ہیں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
علی ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے غزوہ خندق کے روز فرمایا :’’ انہوں نے ہمیں نماز عصر سے روک دیا ، اللہ ان کے گھروں اور ان کی قبروں کو آگ سے بھر دے ۔‘‘ متفق علیہ ۔
ابن مسعود اور سمرہ بن جندب ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ درمیانی نماز سے مراد نماز عصر ہے ۔‘‘ صحیح ، رواہ الترمذی ۔
ابوہریرہ ؓ ، اللہ تعالیٰ کے فرمان :’’ بے شک نماز فجر کا پڑھنا (فرشتوں کی) حاضری کا وقت ہے ۔‘‘ کے بارے میں نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روایت کرتے ہیں ، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ وہ رات اور دن کے فرشتوں کی حاضری کا وقت ہے ۔‘‘ صحیح رواہ الترمذی ۔
زید بن ثابت اور عائشہ ؓ بیان کرتے ہیں ، درمیان والی نماز سے مراد نماز ظہر ہے ۔ امام مالک ؒ نے زید ؓ سے اور امام ترمذی ؒ نے ان دونوں سے معلق روایت کیا ہے ۔ صحیح ۔
زید بن ثابت ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نماز ظہر بہت جلد پڑھا کرتے تھے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صحابہ پر سب سے زیادہ پر مشقت نماز یہی تھی ، پس یہ آیت نازل ہوئی ،’’ نمازوں کی پابندی و حفاظت کرو اور بالخصوص نماز وسطیٰ کی ۔‘‘ راوی نے کہا : کیونکہ اس سے پہلے بھی دو نمازیں ہیں ، اور اس کے بعد بھی دو نمازیں ہیں ۔ صحیح ، رواہ احمد و ابوداؤد ۔
امام مالک ؒ سے روایت ہے کہ انہیں علی بن ابی طالب ؓ اور عبداللہ بن عباس ؓ کے متعلق پتہ چلا کہ وہ کہا کرتے تھے کہ درمیان والی نماز سے مراد نماز فجر ہے ۔ ضعیف ۔
امام ترمذی ؒ نے ابن عباس ؓ اور ابن عمر ؓ سے اسے معلق روایت کیا ہے ۔ صحیح ، رواہ الترمذی ۔
سلمان ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا :’’ جو شخص نماز فجر کے لیے جاتا ہے تو وہ ایمان کا پرچم اٹھا کر جاتا ہے ، اور جو شخص بازار کی طرف جاتا ہے ، تو وہ ابلیس کا پرچم اٹھا کر جاتا ہے ۔‘‘ ضعیف ۔
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، بعض صحابہ ؓ نے (اعلان نماز کے لیے) آگ جلانے اور ناقوس بجانے کا ذکر کیا اور بعض صحابہ ؓ نے یہودونصاریٰ (سے مشابہت ) کا ذکر کیا ، تو بلال ؓ کو حکم دیا گیا کہ وہ کلمات اذان دو دو مرتبہ اور کلمات اقامت ایک ایک مرتبہ کہیں ۔ متفق علیہ ۔ اسماعیل بیان کرتے ہیں ، میں نے ایوب سے اس حدیث کا ذکر کیا تو انہوں نے فرمایا : مگر ((قد قامت الصلٰوۃ)) کے الفاظ دو مرتبہ کہے ۔
ابومحذورہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بنفس نفیس مجھے اذان سکھائی چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’ کہو : اللہ سب سے بڑا ہے ، اللہ سب سے بڑا ہے ، اللہ سب سے بڑا ہے ، اللہ سب سے بڑا ہے ، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں ، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں ، میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے رسول ہیں ، میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے رسول ہیں ، پھر تم دوبارہ کہو : میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں ، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں ، میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے رسول ہیں ، میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے رسول ہیں ، نماز کی طرف آؤ نماز کی طرف آؤ ، فلاح و کامیابی کی طرف آؤ ، فلاح و کامیابی کی طرف آؤ ، اللہ سب سے بڑا ہے ، اللہ سب سے بڑا ہے ، اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دور میں اذان کے کلمات دو دو مرتبہ اور اقامت کے کلمات ’’ قد قامت الصلوۃ ، قد قامت الصلوۃ کے سوا ایک ایک مرتبہ تھے ۔‘‘ صحیح ، رواہ ابوداؤد و النسائی و الدارمی ۔